آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور جاپانی قونصل خانے کے مشترکہ اشتراک سے جاپان فیسٹ 2023 کا انعقاد
جاپان فیسٹ جاپان کی ماڈرن اور روایتی ثقافت کا عکاس ہے،قونصل جنرل جاپان اوداگری توشیو
پاک جاپان دوستی تجارتی ہونے کے ساتھ ثقافتی طور پر بھی مضبوط ہے،میئر کراچی مرتضیٰ وہاب
کراچی(Indus Icon )آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور جاپانی قونصل خانے کے مشترکہ اشتراک سے جاپان فیسٹ 2023 کا انعقاد آرٹس کونسل کراچی میں کیاگیا، جس میں قونصل جنرل جاپانODAGIRI Toshio، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ جاپان کے قونصل جنرل اوداگری توشی نے کہاکہ جاپانی فیسٹیول میں آپ سب کو خوش آمدیدکہتا ہوں، مئیر کراچی مرتضی وہاب نے اس میلے کو رونق بخشی، یہ فیسٹیول ہر سال منایا جاتا ہے، ثقافت کا تبادلہ دو قوموں کو قریب لاتا ہے، کووڈ کی وجہ سے ہمیں فیسٹیول کو ملتوی کرنا پڑا ، انہوں نے کہاکہ جاپان میں کراچی شہر کو بہت اہمیت حاصل ہے، یہ فیسٹیول جاپان کے ماڈرن اور روایتی ثقافت کا عکاس ہے، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بحیثیت قوم ہم اپنی روایتی موسیقی اور جڑوں کو بھول چکے ہیں، آرٹس کونسل کا شکریہ کہ وہ یہ بیڑا اٹھائے ہوئے ہے، پاک جاپان دوستی تجارتی ہونے کے ساتھ ساتھ ثقافتی طور پر بھی زیادہ مضبوط ہے، ایسے پروگرام جاپان میں بھی ہونے چاہئیں تاکہ وہاں کے لوگوں کو پاکستان کے بارے میں پتا چل سکے، انہوں نے کہاکہ میں کے ایم سی آرٹس کونسل کے ساتھ مل کر ایسے اقدامات کرے گی تاکہ عوام کا داخلہ آسان ہوسکے، کراچی شہر کی مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرنا چاہیے۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ پاک جاپان دوستی بہت مضبوط ہے میں تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، فیسٹیول میں جاپانی مارشل آرٹ کے ساتھ ساتھ بونسائی پودوں کی نمائش، ایکیبانا تکنیک کا زبردست اظہار اور جاپانی ثقافت کی عکاسی کرتے مختلف پروگرامز شامل تھے جبکہ مختلف اسٹالز شرکاءکی توجہ کا مرکز رہے، جاپانی مارشل آرٹ ”کیندو“نے زبردست اندازمیں حملہ اور بچاﺅ کے مختلف گُر دکھائے، مختلف کامک کرداروں کا روپ دھارے ہوئے فنکار بھی فیسٹیول میں شامل تھے، فیسٹیول کا اختتام پاک جاپان فیوژن میوزیکل کنسرٹ پر ہوا جس میں استاد نفیس احمد اور Nakagawa Yasushi نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جس کو حاضرین نے خوب سراہا۔