یہ سستا تیل آپ کے ہزاروں روپے کیسے بچا سکتا ہے؟

یہ سستا تیل آپ کے ہزاروں روپے کیسے بچا سکتا ہے؟

بالوں کے لیے ناریل کے تیل کو بہت اچھا سمجھا جاتا ہے اور کئی افراد اسے کھانا پکانے کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔

مگر حقیقت تو یہ ہے کہ اس چند روپے کے تیل سے آپ ایسے متعدد کام کرسکتے ہیں جس سے ہزاروں روپے بچانا ممکن ہو جاتا ہے۔

جی ہاں واقعی ناریل کے تیل کو گھر میں متعدد کاموں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے جن میں چند کا تو آپ نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔

ناریل کے تیل کے استعمال کے چند ایسے حیران کن طریقے جانیں جو زندگی آسان بنا سکتے ہیں۔

میک اپ ہٹانا ممکن

ناریل کے تیل سے آنکھوں کے میک اپ کو آسانی سے ہٹایا جا سکتا ہے۔

اس کے لیے تیل کی معمولی مقدار روئی یا میک اپ پیڈ پر ڈال کر آنکھوں کے گرد صفائی کریں۔

اس کے بعد چہرے کو پانی سے دھو لیں۔

کھڑے ہو جانے والے بالوں کو ٹھیک کریں

اگر بال اوپر کی جانب کھڑے ہوگئے ہیں اور واپس نیچے نہیں آرہے تو ناریل کی تیل کی معمولی مقدار ہاتھ میں لے کر انگلیوں کے ذریعے بالوں میں لگائیں۔

اس سے بال ٹھیک ہو جائیں گے اور وہ چکنے بھی نہیں ہوں گے۔

جسمانی بو دور کریں

ناریل کے تیل میں ایسا ایسڈ ہوتا ہے جو جسمانی بو کا باعث بننے والے بیکٹریا کو ختم کرتا ہے۔

تو ناریل کے تیل کی معمولی مقدار کو بغلوں میں لگانے سے جسمانی بو کو دور رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

آنکھوں کے گرد جھریاں کم کریں

ناریل کے تیل کو آنکھوں کی کریم کے طور پر استعمال کرکے جھریوں کو کم کرنے اور جِلد کو ہموار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ناریل کے تیل سے کولیگن نامی ہارمون بننے کا عمل بہتر ہوتا ہے، یہ ہارمون جِلد کو جوان رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

لپ بام کے طور پر استعمال کریں

ناریل کے تیل کو پھٹ جانے والے ہونٹوں کو ٹھیک کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس کے لیے ہونٹوں پر معمولی مقدار میں ناریل کا تیل انگلیوں کی مدد سے لگائیں۔

شیونگ کریم کا متبادل

اگر آپ کی جِلد حساس ہے تو شیونگ کریم کی بجائے ناریل کے تیل کو استعمال کر سکتے ہیں۔

اس سے شیو کرنے کے ساتھ ساتھ جِلد کی نمی برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔

جوؤں کا خاتمہ

اگر جوؤں سے پریشان ہیں تو بالوں میں کچھ مقدار میں سیب کا سرکہ لگائیں اور جب وہ خشک ہوجائے تو پھر ناریل کے تیل کی مالش کریں۔

تیل کو رات بھر لگا رہنے دیں جس دوران جوؤں کا بھی خاتمہ ہو جائے گا، جس کے بعد کنگھی سے سر صاف کرلیں۔

دانتوں کی سفیدی

ناریل کا تیل دانتوں میں جم جانے والے plaque کو ہٹانے میں مدد فراہم کر سکتا ہے جس سے دانتوں کی سفیدی بحال ہو جاتی ہے۔

اس مقصد کے لیے اعلیٰ معیار کا ناریل کا تیل خریدیں اور ایک سے 2 چائے کے چمچ تیل سے 10 سے 30 منٹ تک کلیاں کریں۔

تیل کو نگلنے سے گریز کریں اور تھوکنے کے بعد پانی سے اچھی طرح کلیاں کرنے کے بعد ایک گلاس پانی پی دانتوں پر برش کرلیں۔

زخم کو جراثیموں سے بچائیں

اگر خراش یا رگڑ سے زخم آگیا ہے تو ناریل کے تیل کی کچھ مقدار زخم اور اس کے اردگرد جِلد پر لگادیں۔

تیل سے زخم پر مٹی یا بیکٹریا سے تحفظ فراہم کرنے والی تہہ بن جائے گی۔

داغوں کی صفائی

ناریل کے تیل کو کارپٹ اور فرنیچر پر کسی مشروب کے گرنے سے لگنے والے داغ صاف کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس کے لیے ناریل کے تیل اور بیکنگ سوڈا کی مساوی مقدار کو ملا کر پیسٹ بنائیں اور داغ پر لگا کر 5 منٹ کے لیے چھوڑ دیں، اس کے بعد کپڑے سے صاف کرلیں۔

سانس کی بو دور کریں

ناریل کے تیل سے کلیاں کرنے سے منہ میں موجود بو کا باعث بننے والے بیکٹریا ختم ہوتے ہیں۔

اس کے لیے ناشتے سے 10 سے 20 منٹ قبل ناریل کے تیل سے کلیاں کریں اور پھر پانی سے منہ صاف کرلیں۔

بالوں میں پھنسی چیونگم نکالیں

اگر بچے یا آپ کے بالوں میں کسی وجہ سے چیونگم پھنس گئی ہے تو ناریل کے تیل کی معمولی مقدار کو چیونگم والے بالوں کے اردگرد لگائیں۔

تیل کے باعث چیونگم کی گرفت کمزور ہو جائے گی اور وہ پھسلنے لگے گی، جس کے بعد اسے نکالنا بہت آسان ہو جائے گا۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *