پاکستان سے بہت پیار ملا، وہاں میری مائیں بنی ہوئی تھیں جو تحائف بھیجتی تھیں: معروف بھارتی اداکار

Rajiv

پاکستان سے بہت پیار ملا، وہاں میری مائیں بنی ہوئی تھیں جو تحائف بھیجتی تھیں: معروف بھارتی اداکار

بھارت کے معروف اور سپر ہٹ ڈرامہ سیریل ‘کہیں تو ہوگا’ میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار راجیو کھنڈیلوال نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں پاکستان سے بہت ہی زیادہ پیار ملا۔

سوشل میڈیا پر راجیو کا ایک ویڈیو کلپ زیرِ گردش ہے جس میں وہ بھارتی میڈیا کو انٹرویو دے رہے ہیں جب کہ اداکار نے اس گفتگو میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کرنے کی بھی سخت مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ فنکاروں پر پابندی لگانا ٹھیک نہیں ہے، یہ سیاست کے داؤ پیچ ہیں، سیاست دانوں کو خوش کرنے کے لیے پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندی کی حمایت نہیں کرسکتا۔

اداکار نے مزید کہا کہ کچھ چیزوں کو سیاست سے دور ہی رکھنا چاہیے جس میں ایک شوبز انڈسٹری بھی ہے، جب لوگ امن کی خواہش کرتے ہیں تو یہ لوگ اسے ہندو مسلم کہہ کر مذہبی رنگ دے دیتے ہیں۔

راجیو کھنڈیلوال کا کہنا تھا کہ یہ سیاست ہے جو کہ بہت غلط ہے، فنکاروں پر پابندی عائد کرنے والے کون ہوتے ہیں، سیاست دان! کچھ چیزوں کو خاص طور سے جس سے دونوں ممالک کے درمیان امن بڑھ سکتا ہے، انہیں سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔

اداکار کے مطابق ہم کوئی نہ کوئی سبب پیدا کرکے امن کو بڑھنے نہیں دیتے، اس لیے اس پر کچھ بھی کہنا فضول ہے کیونکہ اگر کہیں امن ہوگا تو سیاسی جماعتیں اسے ہندو مسلم کا زاویہ دے دیتے ہیں، جو کہ غلط ہے۔

راجیو نے زور دیتے ہوئے کہا اب ایسا تو نہیں ہوتا کہ پاکستان کی حکومت فنکاروں کو ایجنٹ کی تربیت دے کے بھیجے گی، پتا نہیں لیکن مجھے تو وہاں سے بہت پیار محبت ملتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں میری اور آمنہ (کشش) کی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا تھا، مجھے وہاں سے اتنا پیار ملا کہ میری ممیاں (مائیں) بنی ہوئی تھیں جو مجھے جوتے اور کُرتے بھیجا کرتی تھیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیلی ویژن پر 2003 سے لے کر 2007 تک نشر کیا جانے والا ایکتا کپور کا ڈرامہ کہیں تو ہوگا پاکستان میں بھی کافی مقبول تھا، ڈرامے میں راجیو کھنڈیلوال نے سوجل جب کہ آمنہ شریف نے کشش کا کردار نبھایا تھا۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *