خاندانی لڑکی ہوں، اگلے 5 سالوں میں شادی کرلوں گی: کنگنا رناوت
بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ وہ اگلے 5 سالوں میں شادی کر لیں گی۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ ہر لڑکی شادی اور پھر اپنے گھر کا خواب دیکھتی ہے، میں مکمل طور پر ایک خاندانی لڑکی ہوں اس لیے شادی میرے لیے بھی اہم ہے، ہر لڑکی کی طرح میں بھی چاہتی ہوں کہ شادی کروں اور میری فیملی بھی ہو۔
بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اگلے 5 سالوں میں شادی کرلوں گی لیکن اچھا یہ ہوگا کہ اگر یہ شادی کچھ ارینج اور کچھ لوو میرج جیسی ہو۔
اپنے ماضی کے تعلق پر بات کرتے ہوئے کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ آپ کو رشتوں میں ہمیشہ کامیابی نہیں ملتی، ایسا انسان خوش قسمت ہوتا ہے جسے چھوٹی عمر میں رشتوں میں کامیابی نہ ملے اور میرے ساتھ ایسا ہی ہوا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر یہ رشتہ قائم رہتا تو میں اپنی زندگی کے سارے سال اس رشتے کو دے دیتی لیکن میری خوش قسمتی تھی کہ وہ رشتہ زیادہ دیر قائم نہ رہ سکا، مجھے لگتا ہے کہ خدا نے میری حفاظت کی ہے لیکن یہ بات مجھے زندگی میں بہت دیر سے سمجھ آئی۔