راج کمار ہیرانی اور شاہ رخ کی فلم ’ڈنکی‘ نے ریلیز سے قبل ہی ریکارڈ قائم کردیا

راج کمار ہیرانی اور شاہ رخ کی فلم ’ڈنکی‘ نے ریلیز سے قبل ہی ریکارڈ قائم کردیا

بالی وڈ کے عصر حاضر کے کامیاب ترین ہدایت کار سمجھے جانے والے راج کمار ہیرانی اور بھارتی سنیما پر راج کرنے والے اداکار شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’ڈنکی‘ نے ریلیز سے قبل ہی ریکارڈز قائم کرنا شروع کردیے ہیں۔

راج کمار ہیرانی بلاشبہ ہندوستانی سنیما کے بڑے ہدایت کاروں میں سے ایک ہیں، ان کی اگلی فلم ڈنکی ہے جس میں شاہ رخ خان مرکزی کردار میں نظر آئیں گے اور یہ 2023 کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں سے ہے۔

یہ فلم 22 دسمبر 2023 کو ریلیز کی جائے گی۔ اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ریلیز سے قبل ہی راج کمار ہیرانی اور شاہ رخ خان نے ایک اوور دی ٹاپ ’او ٹی ٹی‘ کمپنی کے ساتھ بھارتی سنیما کی تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی ڈیجیٹل ڈیل کی ہے۔

اس معاملے سے واقف قریبی ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ فلم ڈنکی کے ڈیجیٹل حقوق 155 کروڑ  بھارتی روپے میں فروخت کیے گئے ہیں۔ یہ کسی ایک زبان میں ریلیز ہونے والی فلم کیلئے ہندوستانی سنیما کی تاریخ کا سب سے بڑا سودا ہے اور  اس کی بڑی وجہ راج کمار ہیرانی کے برانڈ کے شاہ رخ خان کے برانڈ کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔ ہندوستان کے دو بڑے بین الاقوامی شہرت یافتہ افراد ایک ایسی فلم بنانے کے لیے اکٹھے ہو رہے ہیں جس سے عالمی سطح پر اثر  پیدا ہونے کی امید ہے۔

خیال یہ کیا جارہا ہے کہ فلم کے ڈیجیٹل حقوق حاصل کرنے والی کمپنی ’Jio Cinema‘ اس فلم کے ساتھ اپنے پلیٹ فارم کو عالمی سطح پر لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس کی ٹیم نیٹ فلکس کے ساتھ مقابلے کے لیے ایپ کو پوری دنیا میں دستیاب کرانے کے لیے ایک انٹرفیس پر بھی کام کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس ستمبر میں شاہ رخ خان کی ایک اور فلم جوان ریلیز ہو رہی ہے جس کے ڈیجیٹل رائٹس نیٹ فلکس نے 120 کروڑ روپے میں حاصل کیے ہیں۔  ڈنکی کی طرف سے حاصل کی گئی رقم اس سے زیادہ ہے جو جوان نے نیٹ فلکس سے ہندی ورژن کیلئے حاصل کی تھی۔

فلم  ڈنکی بیرون ملک جانے کیلئے استعمال ہونے والے غیر قانونی طریقوں کے موضوع پر بنائی گئی ہے جس میں تاپسی پنو اور وکی کوشل بھی اہم کرداروں میں ہیں۔  یہ 22 دسمبر 2023 کو بڑی اسکرین پر آنے والی ہے۔  ڈنکی راج کمار ہیرانی فلمز کے ساتھ ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کی مشترکہ پروڈکشن ہے۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *